لاہور (سچ نیوز)مذاق رات کے ڈی جے محسن عباس نے اپنی بیوی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ شادی کے چندروز بعد ہی اہلیہ فاطمہ سہیل کے جھوٹ سامنے آنے لگے تھے ، مجھے کہیں کا بتا کر کہیں چلی جاتی تھیں، ان کو غلط بیانی کرنے اورجھوٹ بولنے کی عادت تھی۔اداکار محسن عباس حیدر نے لاہور پریس کلب میں قرآن پاک ہاتھ میں اٹھا کر نیوز کانفرنس کی ۔ انہوں نے کہاکہ میری شادی کے چند روز بعد ہی فاطمہ سہیل کے جھوٹ سامنے آنے لگے تھے ، یہ مجھے کہیں کا بتا کر کہیں چلی جاتی تھیں، ان کی طرف سے اکثر یہ حرکتیں ہوتی رہتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ایسے گھرانے سے تعلق رکھتا ہوں جہاں خواتین کی عزت کی جاتی ہے ، شادی کے چار سالہ عرصے میں ہم میاں بیوی ایک سال ہی ساتھ رہے ہیں، میں بتانا چاہتا ہوں کہ ہم طلاق کے دہانے پر کیوں کھڑے ہیں؟۔محسن عباس نے کہا کہ میں نے کبھی اپنی پرسنل لائف کو میڈیا پر نہیں اچھالا ، فاطمہ سہیل کو غلط بیانی کرنے اور جھوٹ بولنے کی عادت ہے ، ان کے والد بھی اس کے گواہ ہیں ، اپنے بیٹی کا جھوٹ پکڑے جانے پر وہ مجھے کہتے تھے کہ ”پتر ایک گناہ تے خدا وی معاف کردیندا اے“۔انہوں نے کہا کہ شادی کے چند ماہ بعد ہم دونوں کواحساس ہوگیا تھا کہ یہ شادی نہیں ہونی چاہئے تھی ،میری والدہ کے انتقال پر یہ میر ے پاس فیصل آباد آئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی بیوی کوکبھی نہیں مارا ، اس کی جانب سے کوئی میڈیکل رپورٹ جمع نہیں کروائی گئی ،یہ تصویریں سیڑھی سے پھسلنے کی ہیں جومجھے دکھانے کیلئے کھینچی گئی تھیں۔یہ کود کر میرے گھر میں داخل ہوئیں اور تماشہ کیا لیکن میں اپنی گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے نکل گیا۔محسن عباس نے کہا کہ اب پولیس بلارہی ہے لیکن فاطمہ سہیل پیش نہیں ہورہیں۔