برسلز ( سچ نیوز) یورپی یونین کی جانب سے اپنے تمام ملازمین اور سفارتکاروں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ میسجنگ ایپ واٹس ایپ کا استعمال ترک کرکے اس کی جگہ سگنل ایپ کا استعمال کریں جو واٹس ایپ سے زیادہ محفوظ ہے۔دنیا بھر میں واٹس ایپ سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی ایپلی کیشن ہے جس کے صارفین کی تعداد 2 ارب سے تجاوز کر چکی ہے لیکن یورپی کمیشن نے اپنے عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے واٹس ایپ، فیس بک اور آئی میسج اپیس کا استعمال ترک کردیں۔
یورپی کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ سگنل ایپ زیادہ محفوظ ہے اس لیے آفیشل رابطوں کے لیے اس کے انتخاب کا فیصلہ کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ سگنل ایپ 2013 میں پرائیویسی ایکٹوسٹس نے بنائی تھی جسے بعد ازاں واٹس ایپ کے بانی برائن ایکٹن کی حمایت حاصل ہوئی تھی۔ 2017 میں واٹس ایپ اور فیس بک چھوڑنے کے بعد ایکٹن پرائیویسی کے حوالے سے کھل کر بات کرتے ہوئے نظر آتے ہیں، وہ متعدد بار لوگوں سے کہہ چکے ہیں کہ وہ فیس بک کو ڈیلیٹ کرکے میسجنگ کیلئے سگنل کا استعمال کریں۔