لاہور (روزنامہ سچ ) پاکستان کے لیے اعزاز، پاکستانی ریسلر عنایت اللہ نے یوتھ اولمپکس میں پاکستان کے لیے پہلا میڈل جیت لیا، قومی ریسلر نے امریکن ریسلر کو شکست دے کر برونز میڈل اپنے نام کیا۔ پاکستانی ریسلر عنایت اللہ نے تاریخ رقم کردی۔
عنایت اللہ نے یوتھ اولمپکس میں پاکستان کے لیے پہلا میڈل جیت لیا، امریکن ریسلر کو شکست دے کر برونز میڈل اپنے نام کرلیا۔ یہ نہ صرف ریسلنگ بلکہ کسی بھی کھیل میں رواں یوتھ اولمپکس کا پہلا میڈل ہے، عنایت اللہ یوتھ اولمپکس میں کوالیفائی کرنے والے واحد اتھلیٹ ہیں۔ قومی ریسلر نے 65 کلوگرام ویٹ کیٹگریز میں برونز میڈل جیتا۔
ریسلنگ کے مقابلے ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں ہوئے۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری اور عنایت اللہ کے کوچ ارشد ستار کا کہنا ہے کہ عنایت اللہ پاکستان ریسلنگ کا مستقبل ہے، اگر حکومت کی جانب سے تھوڑی مدد اور اچھی ٹریننگ دی جائے تو عنایت کامن ویلتھ، ایشین اور اولمپکس سے بھی میڈلز لا سکتے ہیں۔ اس سے پہلے عنایت اللہ ورلڈ اور ایشین بیچ کے کیڈٹ کیٹگری میں گولڈ میڈلز بھی جیت چکے ہیں۔