کراچی (سچ نیوز) اداکار یاسر حسین کی جانب سے اداکارہ اقرا عزیز کو لکس سٹائل ایوارڈز میں شادی کی پیشکش کی گئی تو اس پر پاکستان میں ایک ہنگامہ برپا ہوگیا، اسی ہنگامے کے بیچ اداکارہ کی والدہ کا موقف بھی سامنے آگیا ہے۔لکس سٹائل ایوارڈز کی تقریب کے دوران اداکار یاسر حسین نے ساتھی اداکارہ اقرا عزیز کو شادی کی پیشکش کی ۔ یاسر حسین کی گھٹنوں پر بیٹھ کر کی گئی پیشکش پر اقرا عزیز نے ہاں کہا تو اداکار نے جذبات میں آکر اداکارہ کو گلے لگالیا اور ان کے گال پر بوسہ دیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آئی تو پاکستانیوں کی جانب سے جوڑے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ یاسر حسین کو تو پاکستانی عمران ہاشمی بھی قرار دے دیا گیا۔سوشل میڈیا پر جاری ہنگامے کے دوران اداکارہ اقرا عزیز کی والدہ کا موقف بھی سامنے آیا ہے جو ان کی بہن سدرہ عزیز نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر شیئر کیا ہے۔ اقرا عزیز کی ماں نے کہا ’ لوگوں نے کمنٹس میں اتنی نفرت ڈالی ہے، مجھے سمجھ نہیں آیا کہ ہمارے لوگ دوسروں کی خوشی میں خوش نہیں ہوتے اور غصہ کیوں کرتے ہیں۔‘