سان فرانسسکو ( سچ نیوز ) ایوان کنیکٹ نامی ہیکر نے ایک ڈیوائس تیار کی ہے جو ہر قسم کی لگژری کاروں کے دروازے باآسانی کھول سکتی ہے۔ہیکر نے اپنی ڈیوائس کو ’Keyless Repeater‘ کا نام دیا ہے اور اسے 9 ہزار ڈالر (تقریباً 13 لاکھ 90 ہزار روپے) میں فروخت کرتا ہے۔ ایوان نے ایک ویڈیو میں اس ڈیوائس کے استعمال کا طریقہ کار بھی بتایا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ایک اپنے دوست کی لگژری کار کے پاس جا کر جیسے ہی ڈیوائس کو آن کرتا ہے تو دروازہ جھٹ سے کھل جاتا ہے، ایوان نے گاڑی کے اندر بیٹھ کر ڈیوائس آن کی تو کار خود بخود سٹارٹ ہوگئی۔ایک انٹرویو میں ایوان نے بتایا کہ اس کی ڈیوائس ہر قسم کی لگژری کاروں کے دروازے کھول سکتی ہے سوائے ان کے جو 22 اور 40 کلو ہرٹز کے درمیان فریکوینسی استعمال کرتی ہیں، ان میں مرسڈیز، آڈی، پورش، بیٹلی اور رولز رائس کے وہ ماڈلز شامل ہیں جو 2014 کے بعد بنائے گئے ہیں۔
ایوان نے بتایا کہ اس مسئلے کے حل کیلئے اس نے اپنی ڈیوائس کا نیا ورژن تخلیق کیا ہے جس کی قیمت 12 ہزار ڈالر رکھی ہے، اس ڈیوائس کے ذریعے ہر اس کار کو کھولا جاسکتا ہے جو وائرلیس فوب سسٹم استعمال کرتی ہے۔