نیویارک(سچ نیوز )پاپ میوزک کی ملکہ امریکی گلوکارہ میڈونا نے برطانیہ کے شاہی خاندان سے الگ ہونے والے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کو نیویارک کے مہنگے ترین علاقہ میں موجود اپنا گھر دینے کی پیشکش کردی۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر دیئے گئے ایک ویڈیو پیغام میں میڈونانے ہیری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈامیں قیام سے وہ اورمیگھن جلد اکتا جائیں گے، انہیں چاہئے کہ وہ نیوریارک کے علاقہ مین ہیٹن میں واقع ان کے پرتعیش اپارٹمنٹ کو کرائے پر لیں اور وہاں منتقل ہوجائیں۔اپنے گھر کی خصوصیات گنواتے ہوئے میڈونا نے کہا کہ تین بیڈرومز، مین ہیٹن کے بہترین مناظرشاندارمناظر یقینا شاہی جوڑے کو بے حد پسند آئیں گے اورانہیں یہاں رہ کر بہت اچھا محسوس ہوگا۔
میڈونا نے گھر کرائے پر دینے کی پیشکش تو کردی ہے تاہم یہ نہیں بتایا کہ وہ اس گھر کا کتنا کرایہ لیں گی۔
یاد رہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے اچانک شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کااعلان کرکے نہ صرف عوام بلکہ خود شاہی خاندان کو بھی حیران کردیا تھا۔ شاہی خاندان کی باہمی مشاورت کے بعد ملکہ برطانیہ نے انہیں ان کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کی اجازت دے دی تھی، جس کے بعد سے دونوں کینیڈا منتقل ہوگئے ہیں۔