کابل (سچ نیوز )افغان صدر اشرف غنی گزشتہ روز ہوئے امریکہ طالبان امن معاہدے کی اہم شرط سے پیچھے ہٹ گئے ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ طالبان کے پانچ ہزار قیدیوں کی رہائی کا کوئی وعدہ نہیں کیا ، طالبان قیدیوں کی رہائی کا معاملہ انٹر افغان مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کے قیدیوں کا معاملہ افغانستان کے عوام کا حق اور خود ارادیت ہے، جزوی جنگ بندی مکمل جنگ بندی کے مقصد کے حصول تک جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں7روزکی جزوی جنگ بندی جاری رہے گی،قیدیوں کی رہائی پر فیصلے کا اختیار افغان حکومت کا ہے،امریکا قیدیوں کی رہائی میں مدد فراہم کررہا ہے،طالبان قیدیوں کی رہائی کا معاملہ مذاکرات کی پیشگی شرط نہیں بن سکتا۔ان کا کہناتھا کہ انٹر اافغان مذاکرات کیلئے اگلے 9 دن میں مذاکراتی ٹیم تشکیل دی جائیگی۔