بیجنگ(سچ نیوز) امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ جاری ہے۔ امریکہ کی طرف سے سینکڑوں چینی مصنوعات پر ٹیرف بڑھایا گیا جس کے جواب میں چینی حکومت نے امریکی مصنوعات کے خلاف وہی اقدام کر ڈالا۔ گزشتہ دنوں ایک بار پھر امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے ٹیرف بڑھانے کی دھمکی دی گئی جس پر جیسے کو تیسا کے مصداق چین نے بھی سنگین نتائج کی دھمکی دے ڈالی ہے۔عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ آئندہ ماہ سے 300ارب ڈالر کی چینی درآمدات پرعائد ٹیرف میں 10فیصد اضافہ کرنے جا رہے ہیں۔صدر ٹرمپ کے اس بیان پر چین نے انہیں متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ چینی مصنوعات پر مزید ٹیرف بڑھاتے ہیں تو پھر انتقامی کارروائی کے لیے بھی خود کو تیار رکھیں۔چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ’ہوا چن ینگ ‘ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ”امریکی دباﺅ کے زیراثر چین اپنے موقف سے قطعاً نہیں ہٹے گا۔ اگر امریکہ ٹیرف میں مزید اضافہ کرے گا تو چین کو بھی اپنے کلیدی اور بنیادی مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری جوابی اقدامات کرنے پڑیں گے۔ ہم امریکہ کا کسی بھی طرح کا دباﺅ، مداخلت یا بلیک میلنگ قبول نہیں کرتے اور اس کے زیراثر تمام بڑے مسائل پر اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔“