اسلام آباد(سچ نیوز) سعودی عرب کے بعد اب ایران نے بھی سی پیک کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق ایرانی سفیر مہدی ہنردوست نے گزشتہ روز پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اراکین سے ملاقات میں اس خواہش کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ ”ہم مانتے ہیں کہ سی پیک بہت اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جو خطے کے ممالک کے درمیان امن اور باہمی تعاون کے معاملات پر بہت زیادہ اثرات مرتب کرے گا۔ ایران اس خطے کا اہم ترین ملک ہے جو ٹرانزٹ لائن دیگر وسائل کی وجہ سے بہت پوٹینشل رکھتا ہے۔ چنانچہ ہم بھی سی پیک کا حصہ بننے کے لیے تیار ہیں۔“گزشتہ دنوں ایران کے دوسرے بڑے صوبے سیستان بلوچستان میں ایرانی فوج پر ہونے والے خودکش حملے کے متعلق بات کرتے ہوئے مہدی ہنر دوست نے کہا کہ ”بدقسمتی سے پاکستانی بارڈر کے ساتھ ملحق کچھ علاقے بدستور دہشت گردی کی لپیٹ میں ہیں تاہم پاکستانی اور ایرانی فورسز اس واقعے کے بعد رابطے میں ہیں۔ دونوں اسلامی ممالک دہشت گردی کا شکار ہیں اور اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے خطے کے تمام ممالک کو مشترکہ کاوشیں کرنی ہوں گی۔ہمیں پاکستانی فورسز پر پورا اعتماد ہے کہ وہ بارڈر سے ملحق پاکستانی علاقے میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں۔“