نئی دہلی (سچ نیوز) عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے ’عشق‘ کے چرچے زبان زدعام ہیں کیونکہ گزشتہ ایک سال سے دونوں نے ہی اپنے درمیان تعلق کو کسی نہ کسی طریقے سے پوری دنیا کے سامنے بھی رکھ ہی دیا ہے اور ہر کوئی اب ان کی شادی کے انتظار میں ہے۔گزشتہ سال بالی ووڈ میں ہونے والی شادیوں کے باعث اب یہ افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ اس سال رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ بھی شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے مگر عالیہ بھٹ نے تمام افواہوں کا ’گلا گھونٹ‘ دیا ہے اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’میرے خیال سے لوگوں کو اب کچھ دیر کیلئے بریک لگا لینی چاہئے۔‘انہوں نے کہا کہ ’گزشتہ سال ہم نے دو بہت ہی خوبصورت شادیاں دیکھیں اور میرے خیال سے اب ہم آرام کر سکتے ہیں، آپ فلمیں دیکھیں، ہم فلموں میں کام کریں گے اور باقی سب بعد میں دیکھا جائے گا۔“عالیہ بھٹ کے اس بیان سے کم از کم یہ تو واضح ہو گیا ہے کہ دونوں کا ابھی شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں یا پھر کم از کم اس سال تو وہ شادی کے بندھن میں نہیں بندھ رہے البتہ جب وہ اس حوالے سے کوئی فیصلہ کریں گے تو سب کو معلوم ہو ہی جائے گا۔