لاہور: (سچ نیوز) ورلڈ کپ کے لیے ہاکی ٹیم کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں تاہم ہیڈ کوچ، معاون کوچ اور ایک کھلاڑی کا تاحال بھارتی ویزہ جاری نہ ہوسکا. شاہین 21 نومبر کو لاہور سے دہلی روانہ ہوں گے، گرین شرٹس کو چار عالمی کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔
ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے نیشنل اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کی محنت جاری ہے۔ 24 آفیشلز اور کھلاڑی میگا ایونٹ کے لیے بھارت روانہ ہوں گے۔ بیشتر کے ویزے جاری ہو گئے مگر ہیڈ کوچ توقیر ڈار، معاون کوچ دانش کلیم اور کھلاڑی عرفان جونئیر ابھی تک ویزوں کا انتظار کر رہے ہیں۔ اور ہیڈ کوچ کے مطابق بھارت کی جانب سے تاخیر کے لئیے وہ ذہنی طور پر تیار تھے۔
شاہینوں کی 21 نومبر کو بھارت روانگی ہو گی۔ رضوان سینئر ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ عمران بٹ اور مظہر عباس گول کیپنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔ عرفان سینئر اورعرفان جونیئر بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
کھلاڑیوں میں عماد بٹ، مبشر علی، علیم بلال، راشد محمود، تصور عباس، اعجاز احمد، عمر بھٹہ، فیصل قادر، علی شان، ابو بکر محمود، محمد عتیق، توثیق ارشد اور محمد زبیر شامل ہیں۔
سولہ ٹیموں پر مشتمل میگا ایونٹ 28 نومبر سے 16 دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلوی ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی۔ چار بار کی علمی چیمپئن پاکستان ٹیم یکم دسمبر کو جرمنی کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔