کراچی(سچ نیوز)سوشل میڈیا پر شوبز حسیناﺅں کی تعریف و توصیف کی جاتی ہے تو بعض اوقات انہیں تنقید کا نشانہ بھی بننا پڑ جاتا ہے۔ اکثر سلیبرٹیز اس نوعیت کے معاملات کو نظر انداز کر دیتی ہیں، لیکن کبھی تنقید حد سے گزرنے لگے تو ردعمل بھی دے دیا جاتا ہے۔ اتفاق سے اکثر یہ ردعمل بھی ایسا سخت ہوتا ہے کہ الٹا ایک نیا ہنگامہ کھڑا ہو جاتا ہے۔ایسے میں اداکارہ ہانیہ عامر کو ایک منفرد مثال کہا جائے تو غلط نہ ہو گا۔ وہ اس لحاظ سے بہت مختلف ہیں کہ ناقدین کو ہمیشہ ایسا جواب دیتی ہیں جو شائستہ بھی ہوتا ہے اور حد سے بڑھنے والوں کا منہ بھی بند کر دیتا ہے۔
ہانیہ نے گزشتہ کچھ عرصے کے دوران ہی تین مقبول فلموں جاناں، نامعلوم افراد ٹو، اور پرواز ہے جنون، میں کام کر کے اپنا لوہا منوا لیا ہے۔ اس کا ایک نتیجہ یہ بھی ہو اہے کہ بہت سی نظریں اُن کی جانب ہیں اور اب اُن کی ہر بات کو سوشل میڈیا پر ڈسکس بھی کیا جاتا ہے۔ چند دن قبل انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹا گرام پر ایک تصویر پوسٹ کی تو بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔
اتفاق سے ہانیہ کی یہ تصویر ایسے لباس میں تھی جس میں اُن کا ایک کندھا برہنہ ہو رہا تھا۔ بس پھر کیا تھا، تصویر سامنے آتے ہی تنقید کی توپوں کا رخ اُن کی جانب ہو گیا اور جس نے جو چاہا انہیں سنا دیا۔
بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے ہانیہ کے لباس کوغیر مناسب قرار دیتے ہوئے اس کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کیا، کسی نے بیہودہ الفاظ میں، کسی نے سخت زبان میں اور کسی نے شائستہ انداز میں۔ایک صاحب نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے ہانیہ کی تصویر پر کمنٹ کیا ”ہانیہ، اگر دوسرا بازو بھی کور ہوتا تو کتنا اچھا ہوتا۔“ ہانیہ نے اس بات کا ہرگز کوئی سخت جواب نہیں دیا بلکہ محض اتنا لکھا کہ ”بالکل میری امی لگے ہو!“
اس دلچسپ جواب نے سوشل میڈیا صارفین کو بہت محظوظ کیاہے۔ بہت سے لوگوں کی توجہ تو ہانیہ کے لباس سے ہٹ کر اُن کی حاضر جوابی کی جانب مائل ہو گئی ہے۔ اُن کے پرستار اس بات کی بھی تعریف کر رہے ہیں کہ انہوں نے اپنی زندگی میں بے جا مداخلت پر برہمی کی بجائے انتہائی شائستگی اور شگفتگی سے اس کا ایک اچھا اور دلچسپ جواب دیا ہے۔