نیویارک( سچ نیوز) باہمت خواتین نے ہالی ووڈ کے طاقتور ترین شخص ہاروے ونسٹن کو بالآخر جیل پہنچا دیا۔ میل آن لائن کے مطابق 67سالہ ہالی ووڈ پروڈیوسر ہاروے ونسٹن پر درجنوں اداکاراﺅں اور ماڈلز نے جنسی زیادتی کے الزامات عائد کیے تھے۔ جس پر اسے گرفتار کرکے نیویارک کی ایک عدالت میں اس کے خلاف مقدمہ قائم کیا گیا۔ پیر کے روز عدالت نے ہاروے ونسٹن کو جنسی جرائم کا مرتکب قرار دے دیا گیا ہے تاہم اسے سزا 11مارچ کو سنائی جائے گی جو ممکنہ طور پر 29سال قید ہو سکتی ہے۔ جنسی مجرم قرار پانے کے بعدجب ہاروے کو جیل منتقل کیا جا رہا تھا، اس کی طبیعت خراب ہو گئی اور اسے ایمبولینس میں فوری طور پرجیل کی بجائے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ہاروے کو سزا سننے پر سینے میں تکلیف کی شکایت ہو گئی۔ جب سزا کے بعد اسے عدالت سے نکالا جا رہا تھا تو وہ چلا رہا تھا کہ ”میں بے گناہ ہوں، میں بے گناہ ہوں۔“رپورٹ کے مطابق ہاروے کو یہ سزا اپنی سابق پروڈکشن اسسٹنٹ میمی ہیلے اور اداکارہ جیسیکا مین کو جنسی زیادتی کانشانہ بنانے کے جرم میں دی جائے گی۔ ہیلے کو اس نے 2006ءمیں اور جیسیکا کو 2013ءمیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ یہی وہ باہمت خواتین تھیں جو ہالی ووڈ کے اس طاقتور ترین خیال کیے جانے والے مرد کے خلاف سامنے آئیں اور اس کے بعد دیگر درجنوں اداکاراﺅں اور ماڈلز کو بھی بولنے کی ہمت ملی اور انہوں نے بھی ہاروے کے ہاتھوں استحصال کا شکار ہونے کی کہانیاں دنیا کو سنائیں۔