نئی دہلی(سچ نیوز) بھارتی پنجاب میںگھر سے بھاگ جانے والی ایک لڑکی 4دن بعد واپس گھر آئی تو اسے دیکھ کر والدین سکتے میں آ گئے، جس کی وجہ ایسی تھی کہ سن کر آدمی دنگ رہ جائے۔ میل آن لائن کے مطابق پنجاب کے شہر پٹیالہ کی یہ 26سالہ نینا نامی یہ لڑکی ایک لڑکے کے ساتھ بھاگی تھی۔ اس کے والدین نے پولیس کو رپورٹ کی۔ اگلے روز اسی علاقے سے ایک لڑکی کی لاش ملی جس کا چہرہ مسخ کیا گیا تھا۔ پولیس نے نینا کے والدین کو بلایا تو انہوں نے شناخت کر لی اور اسے اپنی بیٹی قرار دے کر لاش لے گئے اور اس کی چتا جلا دی۔اس کے دو روز بعد نیناصحیح سلامت گھر واپس آ گئی اور اس کے ساتھ وہ لڑکا بھی تھا جس کے ساتھ وہ بھاگی تھی۔ اپنی بیٹی کو زندہ اپنے سامنے دیکھ کر والدین سکتے میں آ گئے کہ انہوں نے اپنی بیٹی سمجھ کر نجانے کس کی چتا جلادی۔ اس انکشاف پر پولیس بھی دوبارہ حرکت میں آ گئی اور مقتولہ کی شناخت کی کوشش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ”مقتولہ کی لاش بوری میں بند تھی اور ایک کھیت سے ملی تھی۔ ہم نے اس کے فنگرپرنٹس اور ڈی این اے کے نمونے لے لیے تھے۔ اب تفتیش دوبارہ شروع کر دی گئی ہے اور ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے اس کی شناخت کی جائے گی۔“