نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت میں مہاتما گاندھی کے قتل کی 70ویں سالگرہ منانے کی تقریب کے دوران قتل کی ڈرامائی عکاسی کرنے پر دائیں جماعت سے تعلق رکھنے والے 3شدت پسند رہنما کو حراست میں لے لیا گیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مہاتما گاندھی کے قتل کے 70سال مکمل ہونے پر شدت پسند جماعت ہندو مہا سبھا نے ایک تقریب رکھی جس میں خاتون رہنما پوجا پانڈے نے پستول سے مہاتما گاندھی کے مجسمے کو گولی مار کر قتل کی ڈرامائی عکاسی کی۔پوجا پانڈے نے نہ صرف گاندھی کے مجسمے کو گولی ماری بلکہ گاندھی کے قاتل نتھو رام گوڈسے کے مجسمے کو ہار بھی پہنائے۔ پوجا پانڈے کی ان حرکات کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس پر خاتون سمیت ہندو جماعت مہا سبھا کے 3رہنما کو گرفتار کرلیا گیا، مقدمے میں 12افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ہندو رہنما موہن داس کرم چند گاندھی کو شدت پسند ہندو جماعت کے کارکن نتھو رام گوڈسے نے 30جنوری 1948کو گولیاں مار کر قتل کردیا تھا۔