اسلام آباد (سچ نیوز)مسلم لیگ ن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے صدارتی امیدوار اور جمعیت علمائے اسلام( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اعتزاز احسن کی دستبرداری کا فیصلہ ایک اور ان کی دستبرداری کا فیصلہ 10 جماعتوں نے کرنا ہے، اعتزاز احسن ایسے دولہا ہیں جسے نہ گھر والے مان رہے ہیں نہ سسرال والے۔
نجی ٹی وی چینل ’’جیو نیوز ‘‘ کے پروگرام ’’جرگہ ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن کی دستبرداری کا فیصلہ ایک اور ان کی دستبرداری کا فیصلہ 10 جماعتوں نے کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ طنزیہ باتیں نہ کی جائیں کہ رشتہ لے کر گئے دلہا بن کر آگئے کیونکہ اعتزاز احسن ایسے دولہا ہیں جسے نہ گھر والے مان رہے ہیں نہ سسرال والے، اس لیے کیوں نہ ایسے دولہا پر اتفاق کر لیا جائے جسے سب مان رہے ہیں۔واضح رہے کہ رواں ماہ 4ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں نے ڈاکٹر عارف علوی ،مسلم لیگ ن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمن جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے چوہدری اعتزاز احسن کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے ،مولانا فضل الرحمن اور دیگر اپوزیشن جماعتیں پیپلز پارٹی سے اعتزاز احسن کی بجائے مولانا فضل الرحمن کو مشترکہ امیدوار بنانے کی کوششیں کر چکی ہے تاہم پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے پہلے ،دوسرے اور تیسرے امیدوار اعتزاز احسن ہی ہیں انہیں کسی صورت مولانا فضل الرحمن کے حق میں نہیں بٹھایا جائے گا ،اپوزیشن کی اس واضح تقسیم کا فائدہ تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کو پہنچے گا اور ان کے صدر مملکت بننے کے واضح امکانا ت نظر آ رہے ہیں۔