بیجنگ( سچ نیوز ) چین میں پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس کا شکار انتہائی کم عمر بچہ سامنے آ گیا ہے۔ نیویارک پوسٹ کے مطابق اس بچے کی عمر محض 9ماہ ہے اور یہ کورونا وائرس کا شکار ہونے والا اب تک کا سب سے کم عمر مریض ہے۔ اس بچے کا تعلق دارالحکومت بیجنگ سے ہے۔ اس کے علاوہ بیجنگ میں اب تک کورونا وائرس کے 67مریض سامنے آ چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک افواہ پھیلی ہوئی تھی کہ یہ وائرس صرف بڑی عمر کے لوگوں کو متاثر کرتا ہے جو اس ننھے مریض کے سامنے آنے سے دم توڑ گئی ہے۔ واضح رہے کہ چین میں اب تک 2ہزار51لوگ اس وائرس کا شکار ہو کر ہسپتال پہنچ چکے ہیں اور 56کی ہلاکت ہو چکی ہے۔ اس پراسرار وائرس کا اب تک کوئی علاج دریافت نہیں ہوسکا۔ ماہرین کے مطابق اس وقت وائرس سے بچنے کا واحد طریقہ احتیاطی تدابیر ہی ہیں۔ چہرے پر ماسک پہنیں، وائرس کے متاثرہ افراد سے دور رہیں اور بار بار اچھی طرح ہاتھ دھوئیں۔