راولپنڈی (سچ نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی شعیب اختر نے بالی ووڈ اداکارہ سونالی بندرے کے ساتھ معاشقے کی افواہوں کی 15 سال بعد تردید کردی اور واضح کیا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں کبھی بھی اداکارہ سے نہیں ملے۔اپنے یوٹیوب چینل پر شعیب اختر نے اپنا نام اداکارہ سونالی بندرے کے ساتھ جوڑے جانے کی خبروں پر وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ آج تک اداکارہ سے ذاتی طور پر کبھی نہیں ملے بلکہ انہوں نے انہیں صرف فلموں میں دیکھا ہے۔
شعیب اختر نے بتایا کہ انتہائی معتبر میڈیا ہاﺅسز کی جانب سے یہ خبریں چلائی گئیں کہ میری جیب میں سونالی بندرے کی تصویریں ہوتی ہیں، میں ان کو اغوا کرنا چاہتا ہوں، ’ میں آج تک سونالی بندرے سے ملا ہی نہیں ، میں کبھی ان کا فین نہیں رہا، میں نے اکا دکا فلموں میں انہیں دیکھا ہے لیکن اب کینسر کے حوالے سے ان کی جدوجہد دیکھی ، بیماری کے بعد انہوں نے جس طرح ہمت دکھائی تو تب ان کا فین بن گیا‘۔شعیب اختر نے سونالی بندرے کی کینسر کے خلاف جنگ میں کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بہت اچھا لگا کہ ایک خاتون اتنی بہادر ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے اس لیے یہ ویڈیو بنائی ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ انہیں سونالی بندرے کو کینسر کے خلاف جنگ کا کریڈٹ دینا چاہیے اور اس کنٹروورسی کو ختم کرنا چاہیے۔’ میرا سونالی بندرے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، میرے کمرے میں ہمیشہ عمران خان کی تصویر لگی ہوتی تھی ، ان کے علاوہ میں نے کبھی کسی کرکٹر کو آئیڈیلائز نہیں کیا، خواہ مخواہ میرا نام جوڑ دیا گیا ہے‘۔شعیب اختر نے کہا کہ دیا مرزا کے ساتھ بھی ان کا نام جوڑ دیا گیا اور کہا گیا کہ میں ان کے ساتھ شادی کر رہا ہوں حالانکہ میں ان سے کبھی نہیں ملا۔ ’ آپ نے آج تک میرے منہ سے خواتین کے بارے میں بات نہیں سنی ہوگی ، کوئی خاتون مجھے کچھ کہہ بھی دے تو بھی میں اس کا جواب نہیں دیتا‘۔