کوالا لمپور ( سچ نیوز ) ملائشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے کہاہے کہ کشمیر سے متعلق اپنے بیان پر قائم ہوں اور کچھ بھی ہوجائے مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنا بیان واپس نہیں لوں گا۔نجی نیوز چینل کے مطابق بھارتی تاجروں کی جانب سے ملائشین پام آئل کے بائیکاٹ کے فیصلے پر ردعمل میں ملائشین وزیر اعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ میں کشمیر سے متعلق اپنے بیان پر قائم ہوں اور کچھ بھی ہوجائے مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنا بیان واپس نہیں لوں گا۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنا موقف تبدیل یا واپس نہیں لیتے ۔ ہمارا موقف یہ ہے کہ ہر ایک کواقوام متحدہ کی قراردادوں کی پاسداری کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف ہے کہ اگر قراردادوں کی پاسداری نہ ہوتو اقوام متحدہ کا کیا فائدہ ہے ؟ مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اقدامات پر اپنی تنقید پر قائم ہوں، بھارتی تاجروں کی جانب سے ملائشیائی پام تیل کے بائیکاٹ کے مطالبے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔