ممبئی (سچ نیوز) بھارت کے معروف کامیڈین کپل شرما کے تنزومزاح سے بھرپور پروگرام کے نئے سیزن میں شاہ رخ خان پہلے مہمان بنیں گے۔’دی کپل شرما شو‘ کو بھارت سمیت دنیا بھر میں خوب پذیرائی ملی لیکن میزبان کپل شرما کے روئیے کی وجہ سے نہ صرف اس شو کو بند کیا گیا بلکہ ان کی گرتی ہوئی مقبولیت نے کامیڈین کو ذہنی مریض بنادیا جس کے باعث وہ کافی عرصے سے چھوٹی سکرین سے دور رہے۔اداکار کے روئیے کی وجہ سے کوئی بھی پروڈیوسر ان کیساتھ دوبارہ شو کرنے کو تیار نہیں تھا ایسے میں بالی ووڈ سلطان سلمان خان نے کپل شرما کے ڈوبتے کیریئر کو بچانے کا فیصلہ کیا۔سلمان خان کا پروڈیوس کردہ شو ’دی کپل شرما شو سیزن ٹو‘ اگلے ماہ سے آن ایئرہوگا جس میں کپل شرما ایک بار پھر مداحوں کے چہروں کو مسکراہٹیں بکھیرتے دکھائی دیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سیزن کے پہلے شو میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو بطور مہمان لائن اپ کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں اور ساتھ ہی ان کی نئی فلم ’زیرو‘ کی کاسٹ کو بھی مدعو کیا جائے گا۔’دی کپل شرما شو‘ کے نئے سیزن میں ککو شرما، چندن پربھارکر، بھارتی سنگھ، کرشنا ابھیشیک اور سمونا چکرورتی بھی ہوں گے جبکہ اس کاسٹ میں مزید نام بھی سامنے آسکتے ہیں۔