سیول(سچ نیوز) دنیا میں اسلام کے خلاف نفرت اپنے عروج کو پہنچ رہی ہے مگر اس کے باوجود اسلام دنیا کا تیزی سے پھیلنے والا مذہب بھی بن چکا ہے۔ آئے دن کسی نہ کسی معروف شخصیت کے مشرف بہ اسلام ہونے کی خبر آتی ہے۔ ایسی ہی ایک خبر جنوبی کوریا سے آئی ہے جہاں ملک کے سب سے معروف یوٹیوبر نے اسلام قبول کر لیا ہے۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق اس یوٹیوبر کا نام ’جم کے‘ تھا تاہم مشرف بہ اسلام ہونے کے بعد اس نے اپنا نام تبدیل کرکے ’داﺅد کم‘ رکھ لیا ہے۔داﺅد کم نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وہ اپنی ماں کو بتا رہا ہوتا ہے کہ اس نے اسلام کیوں قبول کیا۔ ویڈیو میں اس کی ماں اس کے فیصلے کو سن کر حیران ہوتی ہے اور اس سے پوچھتی ہے کہ ”کیا اب تم شراب پینا اور خنزیر کا گوشت کھانا چھوڑ دو گے؟“ اس پر داﺅد جواب دیتا ہے کہ ”بالکل، میں اللہ سے ڈرتا ہوں ، چنانچہ میں اس کے بتائے ہوئے راستے پر ہی چلوں گا۔“داﺅد اپنی ماں کو بتاتا ہے کہ وہ کافی عرصے سے اسلام پر ریسرچ کر رہا تھا اور اب اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ اسلام ہی وہ مذہب ہے جس پر عمل کرکے دنیا و آخرت میں فلاح پائی جا سکتی ہے۔ اس سے قبل بھی داﺅد اپنے یوٹیوب چینل پر اسلام سے متعلق ویڈیو اپ لوڈ کرتا رہتا تھا۔ اس نے کلمہ شہادت پر کر مسلمان ہونے کی ویڈیو بھی اپنے چینل پر پوسٹ کی۔