کوئٹہ کے علاقے مشن چوک کے قریب دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 13 زخمی

کوئٹہ: (سچ نیوز) کوئٹہ کے علاقے مشن چوک کے قریب دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے۔ صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو کہتے ہیں کہ دہشت گردوں کو ہمسایہ ملک کی پشت پناہی حاصل ہے۔

کوئٹہ کے علاقے مشن چوک کے قریب اس وقت دھماکا ہوا جب لوگ عید کی خریداری کر رہے تھے۔ دھماکے سے مارکیٹ کی متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا۔

دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ دھماکے سے جاں بحق اور زخمی ہونیوالوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو کا جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد کہنا تھا کہ ہمسایہ دشمن ملک بلوچستان میں بد امنی پھیلا رہا ہے جسے ناکام بنائیں گے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ دھماکے میں کسی خاص مسلک کو نہیں بلکہ بلوچستان کے عوام کو نشانہ بنایا گیا۔ دہشت گرد خریدار بن کر مارکیٹ میں آئے اور دھماکا خیز مواد رکھ کر فرار ہو گئے۔

تاجر برادری کا موقف ہے کہ عید سے قبل دہشت گردی کے واقعات سے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ انہوں نے حکومت اور فورسز سے شہر میں سیکیورٹی کے انتظامات مزید موثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Exit mobile version