اسلام آباد: (سچ نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم انتہا کو پہنچ گئے، سلسلہ جاری رہا تو پاکستان کیلئے سرحد پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے رہنا مشکل ہو جائے گا، ہمیں ہندوستان کی جانب سے ایک خودساختہ حملے کا بھی مستقل اندیشہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں نہتے شہریوں پر بھارتی فوج کے مظالم حد سے بڑھ گئے، سلامتی کونسل عسکری مبصر مشن کی مقبوضہ کشمیر میں فی الفور واپسی کیلئے بھارت سے اصرار کرے۔
عمران خان نے بھارت کی جانب سے پاکستان کیخلاف جارحیت کے خدشے کا بھی اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہندوستان کی جانب سے ایک خودساختہ جعلی حملے کا سخت اندیشہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کیساتھ عالمی برادری پر بھی واضح کردینا چاہتا ہوں اگر بھارت جنگ بندی لکیر کے اس پار عسکری حملوں میں نہتے شہریوں کے بہیمانہ قتل عام کا سلسلہ دراز کرتا ہے تو پاکستان کیلئے سرحد پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے رہنا مشکل ہو جائے گا۔