لاہور: (سچ نیوز) ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کا کشمیر ایشو پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ نہایت افسوسناک ہے۔
ڈاکٹر شہباز گل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم امت مسلمہ کے قائدین سے رابطہ کرکے مسئلہ کشمیر کی حساسیت کو اجاگر کر رہے ہیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا مقصد اقوام عالم کو اتحاد اور قومی یکجہتی کا پیغام دینا تھا لیکن بدقسمتی سے اس موقع پر بھی اپوزیشن نے قومی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دی۔
ان کا کہنا تھا کہ حساس قومی ایشوز پر اپوزیشن رہنماؤں کو تعصب کی عینک اتار کر بات کرنی چاہیے۔ کرپٹ لیگ کی قیادت کشمیر ایشو پر گھٹیا بیان بازی اور پراپیگنڈا سے باز رہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل کا کہنا تھا کہ مریم صفدر کی ناتجربہ کاری تو سمجھ آتی ہے، 70،70 سال کے بزرگ پارلیمنٹیرین بھی منفی پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی آڑ میں بھی اپوزیشن کرپشن بچاؤ تحریک چلانے میں مصروف ہے۔ اُمت مسلمہ کی نظر اس وقت پاکستان پر ہے۔ بدقسمتی سے اپوزیشن سیاسی پوائنٹ سکورنگ میں لگی ہے۔