اسلام آباد: (سچ نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نام نہاد بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت کشمیریوں سے حق آزادی چھین کر کس منہ سے یوم جمہوریہ کی بات کرتا ہے؟ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔ علی امین گنڈا پور کہتے ہیں یوم جمہوریت جیسے ڈراموں سے بھارت دنیا کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کشمیریوں کو آج بھی اپنی سفاکیت کا نشانہ بنا رہی ہے، کشمیریوں کے حق میں سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔
ان کا کہنا ہے کہ جمہوریت کے دعویدار بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں ظلم کی بدترین مثال قائم کی ہے، لیکن پاکستان کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دے گا، ہر اہم علاقائی اور عالمی فورم پر مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے، وزیرامور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پورکا کہنا ہے کہ نام نہاد جمہوریت کا دعویدار بھارت نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاؤنی بنا دیا گیا ہے۔ کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے، لاکھوں کشمیریوں کے خون سے ہاتھ رنگ کر بھارت کا یوم جمہوریہ منانا شرمناک ہے۔ یوم جمہوریت جیسے ڈراموں سے بھارت دنیا کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتا۔