لاہور (سچ نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا ءاللہ نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن میں کسی کی جرات نہیں ہے کہ وہ پارٹی سے اختلاف کا اظہار کرسکے ، کوئی 10سے بارہ لوگوں نے چھپ کر چودھری پرویز الہٰی کو ووٹ ڈالنے کی حرکت کی ہے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیاکامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے راناثنا ءاللہ نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن میں کوئی گروپ پارٹی فیصلوں کے خلاف نہیں جارہا اور نہ ہی ایسا کوئی خدشہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی امیدوار ایک حلقے سے پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوتاہے اور کوئی ایسی ویسی حرکت کرتاہے تو اس سے اس کا اپنا نقصان ہوتاہے ۔ اس وقت ایک پروپیگنڈا ہے جو کیا جاتاہے تاکہ اس انتہائی کمزور حکومت جو ہر روز کوئی نہ کوئی فیصلہ کرکے اپنا مذاق بناتی ہے اس کو کچھ ریلیف ملے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی 10یا 12لوگ تھے جنہوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو ووٹ ڈالے تھے ۔ اصل معاملہ یہ ہے کہ ہم اپنی سیاسی تاریخ سے کٹ کر بات نہیں کر سکتے ۔ چودھری پرویز الہٰی جب وزیر اعلیٰ پنجاب تھے تو ان کی ٹیم کے کوئی سو سے ڈیڑھ سو لوگ ہمارے ساتھ ہیں ۔ اس لئے ان میں سے کوئی10سے بارہ لوگوں نے چھپ کر ایسی حرکت کی ہوگی لیکن کسی کی اتنی جرات نہیں کہ وہ کھل کر پارٹی سے اختلاف کا اظہار کرسکے ۔