جہلم (سچ نیوز) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہونے والے مظاہروں سے توجہ ہٹانے کیلئے بارڈر پر حالات خراب کیے گئے ہیں، بھارت کے لوگ مودی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور ظلم کو نظام ختم کردیں گے، کرپٹ مافیا اصلاحات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، پاکستان میں 2019 مشکل سال تھا لیکن 2020 خوشحالی، ترقی اور نوکریاں دینے کا سال ہوگا۔
پنڈ دادنخان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کو قتل کرایا، نریندر مودی ہندوستان میں وہ کر رہا ہے جو جرمنی میں ہٹلر نے کیا تھا،اس نے 80 لاکھ کشمیرکےلوگوں کو جیل میں ڈال رکھا ہے،نریندرمودی نے کشمیر کی ساری قیادت کو جیلوں میں بند کیا ہوا ہے، جو بارڈر پر ہورہاہے، ایسے ہی نہیں ہورہا، نریندر مودی کے خلاف آج بھارت بھر میں مظاہرے ہورہے ہیں، اب بھارت کے لوگ نریندر مودی کے ظلم کیخلاف کھڑے ہوں گے اور جب بھارت کے لوگ نریندر مودی کیخلاف کھڑے ہونگے تو ظلم کے نظام کو ختم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مافیاز ہر جگہ ہوتے ہیں ،ہر کوئی اصلاحات کیوں نہیں کرسکتا کیونکہ راستے میں مافیاز کھڑے ہوتے ہیں ، جب آپ تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو راستے میں مافیا کھڑے ہوتے ہیں، یہ مافیا کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھا رہاہوتا ہے،اس مافیا کو ڈر ہے کہ اگر حکومت کامیاب ہوگئی تو یہ جیل میں جائیں گے، سیاستدانوں کا مافیا ہر روز حکومت کو برا بھلا کہتا ہے ۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین نے 450 وزرا کو کرپشن پر جیلوں میں ڈالا، امریکا میں 30،30 سال بعد بھی لوگوں کو کرپشن میں پکڑا جاتاہے، جب تک معاشرے میں کرپشن ختم نہیں ہوتی وہاں ترقی نہیں ہوتی،جس ملک میں کرپشن ہوتی ہے وہاں کے ادارے تباہ ہوجاتے ہیں، کرپشن ملک میں میرٹ کو تباہ کردیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپٹ معاشرے میں سرمایہ کاری نہیں ہوتی ، ادارے تباہ ہوجاتے ہیں ،یہ کنٹینر پر کھڑے ہر کر شور مچا رہے تھے ، جتنا بڑا ڈاکو اتنا زیادہ شورتھا، ان کرپٹ لوگوں سے ذاتی دشمنی نہیں،ہم اپنے ملک کو اوپر دیکھنا چاہتے ہیں،کرپٹ لوگوں کی وجہ سے آج ملک مقروض ہوا ہے ۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اصلاحات مشکل ہوتی ہیں، تبدیلی آسان نہیں ہوتی ،جب اصلاحات ہوتی ہیں تو مشکل وقت سے گزرنا پڑتاہے، جب وزیراعظم بنا تو پوری قوم سے کہا آپ نے گھبرانا نہیں ہے،2019مشکل وقت تھا،2020 اس ملک کے آگے بڑھنے کا وقت ہے، 2020 وہ سال ہوگا جس میں یہ ملک ترقی کرے گا اور خوشحالی آئے گی، یہ ہماری ترقی اورنوکریاں دینے کا سال ہے۔2020 میں آپ کو اور بہتر تبدیلی نظر آئے گی،مافیا جو کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھا رہاتھا یہ 2020 کا سال ان کیلئے برا وقت ہوگا۔