اسلام آباد(سچ نیوز) وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے وزیر اعظم عمران خان کی پہلی ترجیح کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل” دنیا نیوز“ کے پروگرام ” سوال عوام کا “ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ وزیراعظم نےکابینہ کے پہلے اجلاس میں اہم فیصلے کیے،وزیر اعظم عمران خان کاوژن بڑاواضح ہے، مدینہ جیسی ریاست کامقصدقانون سب کےلئے برابرہوگا، وزیراعظم کی پہلی ترجیح بیرون ملک سے پیسہ واپس لاناہے،حکومتی ایجنڈے کونافذکرنے کیلئے زیادہ وقت درکارنہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کیخلاف اقدامات جلدنظرآئیں گے،نیب آرڈیننس کے مطابق اثاثے چھپاناکرپشن ہے،نوازشریف کے فیصلے کولوگوں نے صحیح طریقے سے نہیں پڑھا، نوازشریف نے مے فیئرفلیٹس ڈکلیئرنہیں کیے تھے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدالتیں لندن فلیٹس کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کرے گی تو برطانوی عدالتیں پاکستانی عدالتوں کے فیصلوں کااحترام کریں گی۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ حسن ،حسین اور اسحق ڈار کی واپسی کے لئے برطانیہ کی عدالتوں میں کیس کریں گے،برطانوی شہریت کرپشن کے لئے دفاع نہیں ہو گی، لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کے لئے ٹی او آر بنا لئے ہیں،لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کا طریقہ میں یہاں نہیں بتا سکتا ،انگریزوں کا بنایا ہوا قانون تمام ملکوں میں بدل چکا ہے،گزشتہ حکومت کی ایمنسٹی سکیم بہتر نہیں ہوئی نظر ثانی ہونی چاہئے ۔
بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ وزارت سے پہلے عمران خان سے کبھی بھی تفصیلی ملاقات نہیں ہوئی ،مجھے عمران خان نے خود منتخب کیا ہے ایم کیو ایم نے نہیں کیا ،حکومتی ایجنڈا پہلی کیبنٹ میٹنگ میں پتہ چلا،وزیر اعظم عمران خان اور ایم کیو ایم کی پالیسی ایک ہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ضمنی انتخابات میں ہم کراچی سے کوئی سیٹ جیتتے ہیں تو عمران خان کو پریشان نہیں ہونا چاہئے ہم انہیں ہر حال میں سپورٹ کریں گے انہیں کسی قسم کی بھی پریشانی نہیں ہوگی کیوں کہ جو سیٹ ہماری ہے عمران خان سمجھیں جیسے وہ انہوں نے حاصل کی ہے۔