بیجنگ( سچ نیوز ) جان لیوا کورونا وائرس چین کے شہرووہان سے پھیلا ہے جو 1کروڑ 10لاکھ آبادی کا شہر ہے۔ اس شہر میں پاکستانیوں سمیت ہزاروں غیرملکی طلباءو طالبات بھی مقیم ہیں۔ پاکستانیوں میں سے دو طالبات کی ایک ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہی ہے جو چہروں پر ماسک پہنے اپنے فلیٹ سے باہر نکلتی ہیں اور شہر کے مناظر دنیا کو دکھاتی ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق یہ دونوں طالبات آپس میں بہنیں ہیں جن کے نام سحر خان اور مہر خان ہیں۔بڑی بہن سحر خان فلیٹ میں ویڈیو کا آغاز کرتی ہے اور بتاتی ہے کہ ہم نے ماسک پہن لیے ہیں اور خود کو اچھی طرح کور کر لیا ہے۔ اب ہم باہر جانے کے لیے تیار ہیں۔“ اس کے بعد وہ باہر جاتی ہیں، مارکیٹ اور سڑکیں دنیا کو دکھاتی ہیں جو بالکل سنسان پڑی ہوتی ہیں۔ حالانکہ یہ ویڈیو صبح 8بجے بنائی گئی جب کالجز اور دفاتر جانے والوں کا سڑکوں پر رش ہونا چاہیے۔ مارکیٹ میں بھی چیدہ چیدہ دکانیں کھلی ہوتی ہیں۔ ویڈیو کے آخر میں سحر خان بتاتی ہے کہ ہم نے کئی دن کے لیے شاپنگ کر لی ہے۔
ویڈیو میں ایک ہسپتال کے مناظر بھی دکھائے جاتے ہیں جہاں لوگوں کی لمبی قطاریں لگی ہوتی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سب لوگ اپنے ٹیسٹ کروانے کے لیے باری کا انتظار کررہے ہیں۔ سحر خان ویڈیو میں بتاتی ہے کہ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند کی جا چکی ہے اور سڑکوں پر لوگ اکا دکا اپنی گاڑیوں میں سفر کرتے نظر آتے ہیں۔ ویڈیو پر کمنٹس میں لوگ ان دونوں بہادر لڑکیوں کی تعریف کر رہے ہیں اور ساتھ ہی انہیں دعائیں اور ہدایات بھی دے رہے ہیں کہ زیادہ باہر مت نکلیں۔ واضح رہے کہ چینی حکومت نے اس شہر سے لوگوں کی آمدورفت بند کر دی ہے۔ کوئی اس شہر میں آ سکتا ہے اور نہ جا سکتا ہے۔