کراچی(سچ نیوز )چین میں پھیلے کرونا وائرس اور اس سے ہونے والی درجنوں ہلاکتیں دنیا بھرمیں خو ف کا باعث بنی ہوئی ہیں،ایسے میں غلط فہمیاں اور غیر مصدقہ خبروں کا سلسلہ بھی جاری ہے تاہم لوگوں کو حقائق بتانے کیلئے عالمی ادارہ صحت نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئےبنیادی مگر انتہائی اہم سوالوں کے جواب دیئے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرعالمی ادارہ صحت نے اس سوال کہ’کیا چین سے آیاخط یا کوئی پیکج وصول کرنا محفوظ ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”جی یہ بالکل محفوظ ہے، چین سے آئے پیکجز کی وصولی سے لوگوں میں کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ نہیں ہے۔ گزشتہ تجزیوں سے معلوم ہوا ہے کہ کرونا وائرس خط اور پیکجز جیسی چیزوں پر زیاد دیر تک نہیں رہ سکتا۔
اس سوال کہ کیا کرونا وائرس بزرگوں کو متاثر کرتا ہے یا صرف نوجوان ہی اس کا شکار ہوتے ہیں؟ کا جواب دیتے ہوئے عالمی ادارہ صحت نے لکھا کہ یہ وائرس تمام عمر کے لوگوں پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔بزرگ اور پہلے سے بیمار اس مرض کا زیادہ شکار ہوسکتے ہیں۔
ایک اور سوال جس میں پوچھا گیا کہ کیا گھر میں موجود پالتو جانوروں سے یہ وائرس پھیلتا ہے؟ عالمی ادارہ صحت نے جواب دیاکہ ابھی تک ایسے کوئی شواہدنہیں ملے کہ اس سے وائرس پھیلتا ہے، تاہم جانوروں کو چھونے کے بعد احتیاطاہاتھ دھو لیں۔
ایک اورسوال کہ کیا کروناوائرس سے بچاو کی کوئی مخصوص دوا ہے کے جواب میں عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ابھی تک اس کی مخصوص دواسامنے نہیں آئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت اس سلسلے میں ریسرچ کا دائرہ کار وسیع کرچکا ہے اور شراکت داروں کی مدد سے اس کی کوششیں جاری ہیں۔