انقرہ (سچ نیوز) ترکی نے شام میں کردوں کے خلاف جاری آپریشن روکنے کا معاہدہ طے پانے کی تصدیق کردی۔ ترکی نے واضح کیا ہے کہ کردوں کے ساتھ کوئی سیز فائر نہیں ہوگی کیونکہ جنگ بندی 2 قانونی قوتوں کے درمیان ہوتی ہے۔ترک وزیر خارجہ میلوت چاﺅش اوغلو نے نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ انقرہ نے جنوبی شام میں عارضی طور پر جنگ بندی کردی ہے اور کرد جنگجوﺅں کو اجازت دی ہے کہ وہ خطے سے نکل جائیں ۔انہوں نے کہا کہ شام میں سیف زون کے قیام کے باعث ترک قومی سلامتی کو امریکہ نے تسلیم کیا ہے اور یہ معاہدہ طے پاگیا ہے کہ اس سیف زون کا مکمل کنٹرول ترک فوج کے پاس ہوگا۔ترک وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ یہ کوئی سیز فائر نہیں ہے کیونکہ سیز فائر صرف اور صرف 2 قانونی قوتوں کے درمیان ہوتا ہے ، جو کرد جنگجو علاقہ چھوڑ کر جائیں گے انہیں اپنے بھاری ہتھیار واپس کرنے ہوں گے اور اپنے مورچے تباہ کرنے پڑیں گے۔