نئی دہلی (سچ نیوز)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ تقسیم ہند کے وقت کرتار پور کو پاکستان کے حوالے کرنا کانگریس رہنماﺅں کی بہت بڑی غلطی تھی ۔انتخابی ریلی میں کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ میری قسمت میں کانگریس کی 70 سال پر محیط غلطیوں کوٹھیک کرنا لکھا تھا، کرتار پور راہداری جیسا مقدّس کام میری قسمت میں لکھا تھا، ہمیں کانگریس سے سوال کرنا چاہئے کہ انہوں نے کرتار پور پاکستان کیوں جانے دیا۔ان کا کہنا تھا کہ کیا کانگریس نے ذرا بھی اس بات پر توجہ دی کہ یہ گردوارا بھارت سے صرف تین کلومیٹر کی دوری پر ہے اور اسے بھارت سے الگ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کانگریس سے یہ بھی پوچھنا چاہیے کہ ان 70 سالوں میں انہوں نے کرتار پور راہداری کیوں نہیں کھلوائی۔مودی نے کہا کہ اس بات کا جواب یہ ہے کہ کانگریس نے سکھ کمیونٹی کے لئے بابا گرونانک کی اہمیت کو جانا ہی نہیں تھا۔