نئی دہلی (سچ نیوز) نوجوت سنگھ سدھو کے واپس بھارت پہنچتے ہی انتہا پسندوں نے ان کے خلاف طوفان کھڑا کردیا۔انہیں ملک دشمن اور پاکستانی ایجنٹ قراردیاجارہا ہے۔کرتارپور راہداری کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس بھارت پہنچنے والی یونین وزیر برائے خوراک ہر سمرت کور بادل نے کہاکہ نوجوت سنگھ سدھو پاکستانی ایجنٹ بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے ،پاکستان سے واپسی پر اٹاری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون وزیر نے سدھو کے تین دن پاکستان میں گز ارنے پر بھی انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ وہ گوپال چاولہ کے ساتھ اپنی تصویر کا حساب دیں۔ انہوں نے کہاکہ سدھو کو بھارت سے زیادہ پاکستان میں پیار ملتاہے اور عمران خان نے انہیں الیکشن لڑنے کی پیشکش بھی کی ہے۔مشرقی پنجاب کی سیاسی جماعت شرومنی اکالی دل کے صدر سکھبیر سنگھ بادل نے کہاکہ سدھو واضح کریں کہ ان کی ترجیح بھارت ہے یا کچھ اور، بی جے پی کے رہنما مجندر سنگھ نے کہاکہ کانگریس سدھو کو فارغ کرے۔