چھتیس گڑھ(سچ نیوز)ہندوستانی وزیر اعظم نریندرا مودی نے کہا ہے کہ بھارتی عوام کانگریس کے انتخابی وعدوں پر یقین نہ کریں کیونکہ اس جماعت نے 50 سال تک جھوٹ بول اور لوگو ں کو گمراہ کر کے انڈیا پر حکومت کی۔بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق ہندوستانی وزیر اعظم نریندرا مودی نے چھتیس گڑھ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس وعدہ کر کے الیکشن جیتنے کا کھیل کھیلتی رہی ہے اور اسی وجہ سے ہی وہ لوک سبھا میں 440 سے 40 سیٹوں پر پہنچ گئی،پھر بھی اس کی جھوٹ بولنے کی عادت نہیں جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ہونے والے کرناٹک انتخابات میں اس نے کسانوں کے قرض معافی کا وعدہ کیا تھالیکن اقتدار میں آنے پر اس سے مکر گئی،وہاں کے اخبار اس کی رپورٹ چھاپ رہے ہیں ، سینکڑوں کسانوں کے وارنٹ نکلے ہیں اور انہیں جیل بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی نے گاندھی خاندان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پانچ سال کے لئے خاندان کے باہر سے کسی کو کانگریس صدر بنانے کے ان کے سوال کا براہ راست جواب نہیں ملا اور نہ ہی گاندھی خاندان کے درباری کی طرف سے ان کے سوال کا براہ راست اور درست جواب دیا گیا ہے۔