اوٹاوا(سچ نیوز )کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں اس وقت خوف و ہراس بھیل گیا جب پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب کالے رنگ کا ایک ریچھ چہل قدمی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔جب پولیس کو اطلاع ملی تو علاقے کی سڑکوں پر مڑگشت کرنے والا ریچھ پارلیمنٹ سے محض چند سو فٹ کے فاصلے پر تھا۔اس سے کچھ دیر قبل کالے ریچھ کو شہر کی بیوارڈ مارکیٹ کی سٹرکوں پر دیکھا گیا تھا۔ یہ وہ مارکیٹ سیاحوں میں بہت مقبول ہے اور امریکی سفارت خانہ بھی اسی علاقے میں واقع ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق جب لوگوں کی نظر ریچھ پر پڑی تو انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر آس پاس کی سٹرکوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا اور علاقے کے لوگوں کو ہدایت کی کہ ریچھ کے پکڑے جانے تک اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔اسی دوران یہ خبر سوشل میڈیا پر پھیل گئی اور لوگوں نے اسے ٹویٹ کرنا شروع کر دیا۔جب پولیس نے کالے ریچھ کا پیچھا کیا تو وہ ایک قریبی پارک میں گھس گیا۔ اور ایک درخت پر چڑھ کر خود کو شاخوں اور پتوں میں چھپا لیا۔پولیس نے ریچھ کو پکڑنے کے لیے محکمہ جنگلات کے عہدے داروں کو بلایا جنہوں نے ریچھ کو ڈھونڈنے کے بعد، ایک مخصوص گولی فائر کر کے اسے بیہوش کیا اور پھر پکڑ کر پنجرے میں بند کر دیا۔مقامی میڈیا نے بتایا کہ ریچھ کی شناخت ایک نر کے طور پر کی گئی ہے اور اسے بعد میں جنگل میں آزاد کر دیا جائے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں کینیڈا کے دارالحکومت کی سڑکوں پر ریچھ دیکھے جانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے بدھ کے روز فرانسیسی زبان بولنے والے ایک مضافاتی علاقے کے گیٹنو ہسپتال کے قریب ایک ریچھ دیکھا گیا تھا، جو بعد ازاں جنگل کی طرف بھاگ گیا۔کینیڈا کے مشرقی حصے میں پائے جانے والے ریچھ قد کاٹھ میں ملک کے مغرب یا قطبی علاقوں کے ریچھوں سے نسبتاً چھوٹے اور کم خطرناک ہوتے ہیں۔