کابل( سچ نیوز )افغان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ دارالحکومت کے مغربی علاقہ میں واقع فوجی یونیورسٹی کے باہر ہونے والے دھماکہ میں خودکش حملہ آور سمیت کم از کم 6 افراد ہلاک اور 12دیگر زخمی ہوئے ہیں۔منگل کے روز وزارت داخلہ کے ترجماننصرت رحیمی کی جانب سے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور نے صبح تقریبا 7بجے (مقامی وقت)پولیس ضلع 5کے علاقہ چارراہی قمبرکے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ ترجمان کے مطابق دھماکہ کے نتیجے میں 3 فوجی اہلکار اور 2 شہری مارے گئے جبکہ 12لوگ زخمی ہوئے جن میں سے 5عام شہری بھی شامل ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ ہلاک وزخمی ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل عینی شاہدین نے شِنہوا کو بتایا کہ دھماکہ مارشل فہیم قومی دفاعی یونیورسٹی کے باہر اس وقت ہوا جب فوجی کیڈٹس اور یونیورسٹی کاعملہ وہاں پہنچنے کے بعد عمارت میں داخل ہونے کا انتظار کررہے تھے،عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ خودکش کار بم جیسا معلوم ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دھماکہ کے نتیجے میں مصروف سڑک پر موجود کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔کسی گروپ نے ابھی تک اس حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔اس یونیورسٹی کو گزشتہ سال مئی کے آخر میں ایک خودکش حملہ آورنے نشانہ بنایا تھا اور دولت اسلامیہ(آئی ایس) کے شدت پسندوں نے اس کی ذمہ داری قبول کی تھی۔