ممبئی(سچ نیوز) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنی فلم ’زیرو‘ کے بعد اب تک کوئی فلم سائن نہیں کی جس کے باعث ان کے مداح کافی متجسس ہیں کہ وہ ان دنوں کیا کر رہے ہیں اور اگلی فلم کیوں سائن نہیں کر رہے۔ اب فلم فیئر نامی جریدے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے اس سوال کا جواب دے دیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ”اس وقت میرے پاس کوئی فلم نہیں ہے اور نہ ہی میں کسی فلم پر کام کر رہا ہوں۔ عام طور پر ایسا ہوتا ہے کہ جب ہم ایک فلم ختم کرتے ہیں تو ساتھ ہی دوسری فلم پر کام شروع کر دیتے ہیں لیکن اس بار ایسا کرنے کو میرا دل نہیں کر رہا۔“شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ ”میں اپنی فیملی کے ساتھ لندن میں ہوں اور ان کے ساتھ کچھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ کسی نئے پراجیکٹ پر کام کرنے کی بجائے میں کچھ فلمیں دیکھوں، کچھ کہانیاں سنوں اور مزید کچھ کتابیں پڑھوں۔اگر میں کام کی بات کروں تو میں اور میرا بیٹا آریان اس وقت ’دی لائن کنگ‘ کے ہندی ورژن کے لیے وائسنگ کر رہے ہیں۔ میں کنگ موفسا کی آواز دے رہا ہوں اور میرا بیٹا سمبا کی۔ اس کے علاوہ میں اور کوئی کام نہیں کر رہا اور کچھ عرصہ تک کرنا بھی نہیں چاہتا۔ میں یہ وقت اپنی فیملی کو دینا چاہتا ہوں۔“