ڈیرہ اسماعیل خان: (سچ نیوز) ڈی آئی خان کے قریب کوٹلہ سیداں میں دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا، فائرنگ کی زد میں آ کر 2 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ زخمیوں کو منتقل کرنے کے دوران ہسپتال کے مرکزی دروازے پر خود کش دھماکہ ہوا جس میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے.
بتایا گیا ہے کہ کوٹلہ سیداں کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر اہلکار معمول کی ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار 2 دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے 2 اہلکار موقع پر جاں بحق ہو گئے، واردات کے بعد دہشتگرد فرار ہو گئے تاہم سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے دہشتگردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
دوسری جانب جب زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا تو اس کے مرکزی دروازے پر برقع پوش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو بعد ازاں سی ایم ایچ بھجوا دیا گیا۔ بی ڈی ایس کے مطابق ہسپتال کے گیٹ پر ہونے والا آئی ای ڈی دھماکہ تھا۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 7 سے8 کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔