لاہور( سچ نیوز )وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پی آئی سی میں تین مریض جاں بحق ہوئے ،اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ وکلا برادری پڑھے لکھے لوگ ہیں ،آپ سوچیں تو صحیح کیا کر رہے ہیں،آج کا یہ واقعہ انتہائی شرمناک بات ہے ۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وکلا نے انتشار پھیلا یا جس کی مذمت کی جانی چاہیے ،آج پی آئی سی میں زیر علاج مریضوں کے ساتھ بڑی زیادتی ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے جن لوگوں کی نشاندہی ہو ،ان کے ،خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جانی چاہیے ۔اس موقع پر یاسمین راشد نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں نے میرے خلاف نعرے لگائے لیکن میں ان کے ساتھ کھڑی ہوں ،ڈاکٹروں کے ساتھ بہت زیادہ زیادتی ہوئی ۔واضح رہے کہ آج صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان موقع پر پہنچے تو وکلا برادری نے انہیں تشدد کا نشانہ بنا یا جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد پی آئی سی پہنچی تو ڈاکٹروں نے ان کے خلاف نعرے بازی کی ۔