کراچی: (سچ نیوز) روپے کے مقابلے ڈالرمزید مہنگا ہو گیا، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 2 روپے 48 پیسے بڑھ گئی جس کے بعد ڈالر 149 روپے فروخت ہوتا رہا, اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے مہنگا ہو کر 150 روپے تک پہنچ گیا۔ سٹاک مارکیٹ بھی 900 پوائنٹس گر گئی.
آج کاروبار کے دوران انٹربینک ڈالر ریٹ میں 2 روپے 48 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا، اس طرح انٹر بینک مارکیٹ میں اب ڈالر کی 149 روپے پر ٹریڈنگ جاری ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا ریٹ 3 روپے چڑھ گیا اور تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی 150 روپے پر لین دین ہوتا رہا۔ گزشتہ روز ڈالر کے ریٹ میں5 روپے 60 پیسے کا بڑا اضافہ ہوا اور کاروبار کے اختتام پر ڈالر 147 روپے پر بند ہوا۔ آج سٹاک مارکیٹ میں بھی شدید مندی کا رجحان رہا اور 900 پوائنٹس کی گراوٹ ہوئی، 100 انڈیکس 33 ہزار 100 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا رہا جس کے سبب سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اختیار کئے رکھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط پر من و عن عمل درآمد کے بعد روپے کی قدر میں گراوٹ رکنے کا نام نہیں لے رہی، ملک میں مہنگائی کے سبب پہلے ہی عوام کا جینا دوبھر ہو چکا ہے ایسے میں ڈالر کے ریٹ میں اضافہ مہنگائی مزید بڑھنے کاباعث بنے گا۔