بیجنگ (سچ نیوز) چین کے علاقے ڈین زہو کے سابق میئر زوانگ ہو کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران ساڑھے 13 ٹن سونا اور 268 ارب یوآن برآمد کرلیے گئے ، یہ مال و زر انہوں نے گھر کے تہہ خانے میں چھپا رکھے تھے ۔
روسی میڈیا کے مطابق چینی پولیس کی جانب سے ڈین زہو کے سابق مئیر 57 سالہ ذھانگ ہو کے گھر کی تلاشی لی گئی جہاں ایک خفیہ تہہ خانے سے سونے کی اینٹوں کی صورت میں ساڑھے 13 ٹن سونا برآمد ہواجبکہ تلاشی کے دوران سونے کے علاوہ میئر کے گھر سے 268 ارب یوآن (پونے چار ارب ڈالر تقریبا) نقد رقم بھی برآمد کی گئی۔کارروائی کے دوران چین کے سابق میئر ذوانگ ہو کے پاس سے کئی ہزار مربع میٹر رہائشی املاک، قیمتی پینٹنگس بھی برآمد کی گئیں جب کہ سابق میئر کئی ٹرکوں کے بھی مالک ہیں۔
سابق میئر کی ہزاروں مربع میٹر رقبے کی پُرتعیش جائیدادیں بھی سامنے آئی ہیں جو کہ انہوں نے کافی عرصے سے چُھپا کر رکھی ہوئی تھیں۔واضح رہے کہ چین میں کرپشن کے مقدمات کے حوالے سے قوانین بہت سخت ہیں اور اگر سابق مئیر پر کرپشن ثابت ہو گئی تو انہیں سزائے موت بھی ہو سکتی ہے۔