واشنگٹن(سچ نیوز) چین ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے تحت ہی پاکستان میں جتنی بڑی سرمایہ کاری کر رہا ہے، اسی پر بھارت کو شدید پریشانی لاحق ہے۔ اب امریکہ محکمہ دفاع پینٹا گون نے چین کی طرف سے پاکستان میں ایک ایسی چیز بنائے جانے کی توقع ظاہر کر دی ہے کہ بھارت کی پریشانی مزید بڑھ جائے گی۔ انگریزی اخبار دی نیوز کے مطابق پینٹاگون کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ”پاک چین اقتصادی راہ داری کے بعد توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ چین اب پاکستان میں فوجی اڈے بنائے گا، جن کا مقصد پاک چین اقتصادی راہ داری میں چین کی بھاری سرمایہ کاری کا تحفظ ہو گا۔“رپورٹ کے مطابق اس وقت چین کا اپنے ملک سے باہر صرف ایک فوجی اڈا ہے جو کہ جبوتی میں ہے۔ تاہم اب وہ دیگر کئی ممالک میں فوجی اڈے قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جن میں سے ایک ملک متوقع طور پر پاکستان ہے۔ باقی ممالک بھی وہ ہیں جو چین کے ’ون بیلٹ ون روڈ ‘ منصوبے کا حصہ ہیں۔ ممکنہ طور پر ان ممالک میں مشرق وسطیٰ، جنوب مغربی ایشیاءاور مغربی بحرالکاہل کے ملک شامل ہوں گے۔ ان ممالک میں چینی فوجی اڈوں کا مقصد اس منصوبے کا تحفظ کرنا ہو گا۔ “