بیجنگ(سچ نیوز) چینی فوج دنیا کی سب سے بڑی فوج ہے، جس میں اب حکومت نے 50فیصد کمی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ کمی چین کی زمینی فوج میں کی جائے گی جس کا مقصد پیپلز لبریشن آرمی میں جدید اصلاحات لانا اور اسے جدید فوج میں تبدیل کرنا ہے۔ حالیہ سالوں میں چینی فوج نے اپنی نیوی ، ایئرفورس اور نئے سٹریٹجک یونٹس کو جدید تر بنانے کے لیے تیزی سے کام کیا ہے۔ان اقدامات کے تحت بری فوج میں اس سے پہلے بھی نمایاں کمی کی جا چکی ہے، لیکن اس کے باوجود 20لاکھ فوجیوں کے ساتھ یہ دنیا کی سب سے بڑی فوج تھی، چنانچہ اب اس میں مزید 50فیصد کمی کی جا رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق پیپلزلبریشن آرمی کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بری فوج کی تعداد میں اس کمی کے ساتھ اس کی دیگر 4برانچوں نیوی، ایئرفورس، راکٹ فورس اور سٹریٹجک سپورٹ فورس کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا اور انہیں سائبر وارفیئر کی صلاحیتوں سے لیس کیا جائے گا۔ حالیہ چند سالوں میں چین نے اپنی نیوی کو سب سے زیادہ بڑھایا ہے۔ اس کے پاس ایک بہت بڑا ایئرکرافٹ کیریئر ہے، دوسرا تیار ہو چکا ہے اور آزمائشی مرحلے میں ہے جبکہ تیسرا تیار کیا جا رہا ہے۔