بیجنگ (سچ نیوز) چین نے چھوٹی سی چپ کے ذریعے ایپل، ایمزون سمیت امریکی خفیہ اداروں کے کمپیوٹرز ہیک کر لیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق چینی مینوفیکچررز نے گندم کے دانے جتنی ایک مائیکرو چپ امریکی کمپیوٹرز اور دیگر ڈیوائسز میں استعمال ہونے والے مدر بورڈز میں لگائی تھی، اس چپ کے ذریعے ہیکرز با آسانی تمام کمپیوٹرز اور ان سے جڑے نیٹ ورکس تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ چپ امریکی خفیہ ادارے سینٹرل انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) ، انٹرنیشنل سپیس سٹیشن، محکمہ دفاع اور بحریہ کے سسٹمز میں استعمال ہوئی ہے۔رپورٹ میں حکومتی ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا گیا ہے کہ یہ انکشافات 2015 سے جاری ایک تفتیش کے بعد سامنے آئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کے پیچھے چینی فوج کے ملوث ہونے کے شکوک موجود ہیں۔اس کے علاوہ یہ چپ ایپل اور ایمزون کے ڈیٹا سینٹرز میں استعمال ہونے والی ڈیوائسز میں بھی موجود ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں ایف بی آئی ایپل اور ایمزون کے تعاون سے تفتیش کر رہی ہے۔دوسری جانب ایپل اور ایمزون نے اس دعوے کی تردید کر دی ہے۔ایپل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کو نہ تو ایسی کسی مائیکرو چپ کی موجودگی کا علم ہے نہ ہی کسی حکومتی ادارے نے اس سلسلے میں تفتیش کے لیے کمپنی سے رابطہ کیا ہے جبکہ ایمزون کے تردیدی بیان میں بھی ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا گیا ہے۔