بیجنگ (سچ نیوز) چین میں لینڈ سلائیڈنگ سے 36افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متعدد افراد مٹی اور پتھروں تلے دبے ہوئے ہیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چین کے گوئی ڑو صوبے کے ایک دیہات میں لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی ہلاکتیں چھتیس تک پہنچ گئی ہیں۔ ابھی تک پندرہ افراد مٹی اور پتھروں تلے دبے ہوئے ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔ اس انتہائی بڑی لینڈ سلائیڈنگ سے گاوں کے کم از کم بائیس مکانات مٹی تلے دب گئے تھے ۔مٹی کا یہ بڑا تودہ تودہ گزشتہ منگل کی شام میں گاوں پر گرا تھا اور تب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ امدادی کارروائیوں سے مٹی کے نیچے دبے چالیس افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ مقامی انتظامی دفتر نے ایک مقامی سکول کو عبوری ہنگامی طبی و امدادی مرکز میں تبدیل کر کے ریسکیو آپریشن جاری رکھا ہوا ہے ۔