چین بھارت سرحد لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر کشیدگی میں مزید اضافہ، چینی فوجیوں نے بھارتی فورسز سے نمٹنے کیلئے برچھیاں، گنڈاسے اور دیگر تیز دھار آلات تیار کر لئے
نئی دہلی (سچ نیوز) بھارت کے حکومتی ذرائع کے مطابق سوموار کی شام کو برچھیوں، گنڈاسوں اور دیگر آلات سے لیس 50 سے زائد چینی فوجیوں نے پانگونگ جھیل کے جنوبی کنارے پر واقع بھارتی پوسٹ کے قریب پہنچنے کی کوشش کی مگر پہاڑی چوٹیوں پر موجود بھارتی فوجیوں کی سخت وارننگ نے انہیں پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ بھارتی فوج کے مطابق چینی فوجیوں نے پہاڑی چوٹیوں پر تعینات فوجیوں کو ڈرانے کیلئے ہوا ئی فائرنگ بھی کی ۔ بھارتی فوج نے اپنے ٹھکانوں کے گرد خاردار تارلگا رکھی ہے جو چینی فوج کیلئے انتباہ ہے کہ اسے پار نہ کرے ۔ فوجی ذرائع کے مطابق صورتحال ابھی تک کشیدہ ہے ، برچھیوں، گنڈاسوں کے علاوہ جدید ہتھیاروں سے لیس 50 کے قریب چینی فوجی ابھی تک علاقے میں موجود ہیں۔