بیجنگ (سچ نیوز) چین کی مصنوعات پر 200 ارب ڈالرز تک کے ٹیکسز عائد کیے جانے کے بعد چین میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شکل والے ٹوائلٹ کلیننگ برش تیزی سے مقبول ہوگئے ہیں۔ لوگوں نے اپنی حکومت کو سپورٹ کرنے کیلئے یہ ٹوائلٹ برش دھڑا دھڑ خریدنا شروع کردیے ہیں۔صدر ٹرمپ کی شکل والے یہ ٹوائلٹ کلیننگ برش چین کی خریدو فروخت کی ویب سائٹ ٹاﺅ باﺅ پر 20 یو آن تک میں فروخت کیلئے پیش کیے جارہے ہیں ۔چین وہ پہلا ملک نہیں ہے جس میں ٹرمپ کی شکل والے ٹوائلٹ برش فروخت کیلئے پیش کیے جارہے ہیں، گزشتہ برس نومبر میں سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں یہ برش متعارف کرائے گئے تھے۔ نیوزی لینڈمیں مقبولیت کے بعد یہ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں آن لائن فروخت کیلئے پیش کیے جارہے ہیں جن میں امریکہ بھی شامل ہے۔
فوٹو: ای بے
ایک دکاندار نے تو اپنے گاہکوں کو یہ آفر بھی کی ہے کہ اگر وہ ٹرمپ کی شکل والا ٹوائلٹ کلیننگ برش خریدتے ہیں تو انہیں ٹرمپ کی تصویر والے ٹوائلٹ پیپر مفت دیے جائیں گے۔خیال رہے کہ چین اور امریکہ میں تجارتی جنگ شدت اختیار کرتی جارہی ہے۔ حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کی مصنوعات پر 200 ارب ڈالرز کے ٹیکسز عائد کیے تھے جس کے جواب میں چین نے 5 ہزار امریکی مصنوعات پر 60 ارب ڈالرز کے ٹیکسز لگائے تھے۔ چین اور امریکہ کے مابین جاری تجارتی تنازعے کے باعث عالمی مارکیٹ میں شدید مندی کی صورتحال ہے اور سرمایہ کار تیزی کے ساتھ مختلف سٹاک مارکیٹوں سے اپنا سرمایہ نکال رہے ہیں۔