واشنگٹن(سچ نیوز) امریکا نے اورکزئی ایجنسی اورکراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیتھرناورٹ نے اورکزئی ایجنسی اورکراچی میں چینی قونصل خانے پرحملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے امریکا دلی تعزیت کا اظہارکرتا ہے جبکہ زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کا خواہاں ہے۔ترجمان ہیتھر ناورٹ نے کہا کہ کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی کو سراہتے ہیں جس کی وجہ سے مزید جانی نقصان نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ایسے دہشت گردانہ عمل کا سامنا کرنے کے حوالے سے امریکا پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے جبکہ ہم خطے میں ایسے خطرات سے نبردآزما ہونے کے سلسلے میں حکومت پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔