بیجنگ( سچ نیوز ) چند ماہ قبل چینی فوج نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر ڈنڈوں اور پتھروں سے ایک کرنل سمیت 20بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا اور اب چینی فوج نے ایل اے سی پر ایسی نفسیاتی جنگ شروع کر دی ہے کہ بھارت سرکار سرپکڑ کر بیٹھ گئی۔ بھارتی نیوزایجنسی اے این آئی کے مطابق چینی فوج نے ایل اے سی پر فنگر ایریا میں بڑے بڑے لاﺅڈ سپیکرز نصب کر دیئے ہیں جن سے ایک طرف پنجابی گانے بجائے جا رہے ہیں اور دوسری طرف ہندی میں بھارتی فوج کو وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی سرکار سے بدظن کرنے کے لیے پراپیگنڈا کیا جا رہا ہےرپورٹ کے مطابق پنجابی گانے چلائے جانے کا مقصد ایل اے سی پر تعینات سکھ رجمنٹ کے جوانوں کو اپنی طرف راغب کرنا ہے۔ چینی فوج کے پاس ہندی یا اردو بولنے والے ماہر موجود ہیں جو لاﺅڈ سپیکرز کے ذریعے بھارتی فوج کو ڈرا دھمکا رہے ہیں۔ ان کی طرف سے بھارتی فوجیوں سے کہا جا رہا ہے کہ نریندر مودی تم کو مروانا چاہتا ہے۔ تم مارے جاﺅ گے اور وہ اسی طرح عیش کرتا رہے گا۔ وہ اپنے اکھنڈ بھارت کے ایجنڈے کے لیے تمہیں استعمال کر رہا ہے۔ تمہارے مرنے کے بعد تمہارے خاندانوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہو گا۔ ہمارے پاس ایسے ہتھیار ہیں کہ اگر ہم نے چلانا شروع کر دیئے تو تم میں سے کوئی ایک بھی نہیں بچے گا۔“