بیجنگ(سچ نیوز ) چین کے صدر شی جن پنگ نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کو شکریہ کا جوابی خط لکھا ہے، اس سے قبل امریکی کاروباری شخصیت نے نوول کرونا وبائی مرض کے بارے میں چینی صدر کو خط لکھاتھا۔20 فروری کو لکھے گئے خط میں چینی صدر نے کہا ہے کہ میں بل اینڈ میلنڈ ا گیٹس فانڈیشن کی سخاوت کے اقدام اور چینی عوام کے ساتھ اس خصوصی موقع پر یکجہتی کے اظہار کے لئے آپ کے خط کا بیحد مشکور ہوں۔بل گیٹس نے 6 فروری کو اپنے خط میں کہاتھا کہ وہ ہنگامی امداد میں 10کروڑ امریکی ڈالر دینے کو تیار ہیں جس کا زیادہ تر حصہ چین وبائی مرض سے متعلق تحقیق، ہنگامی مداخلت،دوائیوں، ویکسین اور تشخیص اور ترقی میں مدد دینے کے لئے استعمال میں لائے گا۔چینی صدرشی جن پنگ نےبل گیٹس کواپنے خط میں لکھا ہے کہ جب سے وبائی مرض کا آغاز ہوا ہے میں نے چین کے وبائی مرض پر قابو پانے کے اقدامات کے لئے اعتماد،اتحاد،سائنس پرمبنی نقطہ نظراورمخصوص ردِعمل کی گائیڈ لائن پر زور دیا ہے۔چینی صدر نے لکھا ہے کہ ہم نے پوری قوم کے ساتھ ایسے غیر معمولی اقدامات کے سلسلے کا آغاز کیا تاکہ وبائی مرض کو قابو میں رکھ کر اس کے اثرات کو کم کیا جاسکے اور مریضوں کا علاج کیا جائے،اِن غیرمعمولی اقدامات کے ٹھوس نتائج سامنے آئے ہیں۔شی جن پنگ نے مزید کہاکہ ہم چین اور دنیا بھر کے تمام ملکوں کے لوگوں کی زندگیوں اورصحت کو تحفظ دینے کے لئے پرعزم ہیں،ہم عالمی سطح پر لوگوں کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار اداکرنے کے لئے پرعزم ہیں۔بنی نوع انسان کی برادری کے مشترکہ مستقبل کا حوالہ دیتے ہوئے شی جن پنگ نے لکھا کہ ایک ایسی بیماری پر قابو پانے کے لئے اتحاد اور تعاون ہی طاقت ور ہتھیار ہیں جس سے ہم سب کو خطرہ ہو،بل گیٹس کے فلاحی ادارے نے عالمی اقدامات میں تیزی سے شریک ہوکر وبائی مرض کے خلاف عالمی ردعمل میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
چینی صدرنے مزید کہا ہے کہ میں متعلقہ چینی اداروں کیساتھ آپ کے تعاون کی حمایت کرتا ہوں اورسب لوگوں کی فلاح وبہبود اور صحت کی خاطر بین الاقوامی برادر ی کے مابین مربوط اور خصوصی اقدامات کو فروغ دینے کا خواہاں ہوں۔